بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں سرسوں کی کٹائی کی جا رہی ہے اور امسال سرسوں کی بہتر پیداوار سے کسان کافی خوش نظر آ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دو برس سے محکمہ ایگریکلچر کی جانب سے کسانوں کو موسم خزاں میں ہی سرسوں کے بیج فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ کسان سال میں کم از دو فصلوں کی کھیتی کر سکیں اور شالی کے ساتھ ساتھ سرسوں سے ان کی آمدن میں اضافہ ہو سکے۔
بارہمولہ کے کسانوں نے محکمہ ایگریکچرل کی کاوشوں اور وقتاً فوقتاً انہیں تکنیکی مدد فراہم کرنے پر ان کی ستائش کی ہے۔ محکمہ ایگریکلچر کے ایک افسر نے بتایا کہ موسم سرما کے دوران اکثر و بیشتر زرعی اراضی بے کار رہتی تھی جس کے پیش نظر محکمہ زراعت کی جانب سے سوسوں کی کھیتی کو فروغ دینے کے حوالہ سے کسانوں کو نہ صرف بیج فراہم کیے گئے بلکہ انہیں اس ضمن میں امداد بھی فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کی آمدن کو بڑھانے اور درآمدات کو کم کرنے کی غرض سے اس طرح کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایگریکلچر آفیسر نے کہا کہ مستقبل میں ایگریکلچر محکمہ نے جموں و کشمیر میں دو لاکھ ہیکٹیئر اراضی پر سرسوں کی کاشت کا ہدف مقرر کیا ہے۔