بارہمولہ:شمالی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ روز ’’کھیلو انڈیا فیسٹیول‘‘ کا رسمی طور افتتاح کیا گیا۔ پانچ دنوں تک جاری رہنے والے ونٹر فیسٹیول میں ملک بھر سے قریب پندرہ سو کھلاڑی گیارہ مختلف کھیل مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کھیلو انڈیا کے تیسرے ایڈیشن کا رسمی طور افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے بھی حاضرین، کھلاڑیں، منتظمین سے خطاب کیا۔
تمل ناڑو سے اتر پردیش اور گجرات سے جھارکھنڈ تک مختلف ریاستوں، مرکزی زیر انتظام خطوں سے تعلق رکھنے والے 1500سے بھی زائد کھلاڑی ونٹر فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے اور بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ کشمیر آئے ہیں جبکہ بعض کھلاڑی کھیلو انڈیا فیسٹیول میں اس سے قبل اپنے جوہر دکھا چکے ہیں۔
فیسٹیول میں شریک ریاست ہماچل پردیش سے آئے ایک کھلاڑی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’کشمیر کو صرف کتابوں میں پڑھا اور فلموں میں دیکھا تھا، آج از خود مشاہدہ کرکے انتہائی خوشی حاصل ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’وادی کشمیر یقیناً کرہ ارض پر ایک جنت ہے اور اس جنت سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں آنا ناگزیر ہے۔‘‘