بارہمولہ (جموں و کشمیر) :بارہمولہ پولیس نے ضلع کے کریری علاقے میں ایک نابالغ بچے کے ساتھ لواطت کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پولیس اسٹیشن کریری میں ایک شخص کی جانب سے تحریری طور شکایت موصول ہوئی جس میں شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ اس کے چھ سالہ نابالغ بیٹے کے ساتھ بدفعلی انجام دئے جانے کے بعد متاثرہ کو دھمکی بھی دی گئی کہ وہ اس واقعہ کا کسی سے تذکرہ نہ کرے۔
بارہمولہ پولیس نے آئی پی سی اور پوسکو ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کریری میں ایف آئی آر درج کرکے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دی گئی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران ملزم - جس کی شناخت ہاشم طارق زرگر ولد طارق احمد زرگر ساکنہ سلطان پورہ، کنڈی، کریری کے نام سے ہوئی ہے - کو گرفتار کر لیا ہے۔ بارہمولہ پولیس نے اس ضمن میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس عوام کی حفاظت کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے جرم پر خاموش نہ بیٹھیں اور اس کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ وقت پر مجرم کے خلاف کارروائی کرکے انصاف کی بالادستی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جا سکے۔