بارہمولہ: پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ناگہ بل چندوسہ علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندوں کی نقل و حمل کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پوکیس اور فوج کی 52 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے ناگہ بل چندوسہ کی شرانز کراسنگ پر ناکہ لگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران شرانز سے ناگہ بل کی طرف آ رہے ایک مشتبہ شخص نے ناکے کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اسے اسی وقت گرفتار کرلیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ 'تلاشی کے دوران اس شخص کی تحویل سے ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو حراست میں لیا گیا'۔ بیان کے مطابق گرفتار شدہ معاون کی شناخت محمد اشرف میر ولد محمد شفیع میر ساکن لری ڈورہ چندوسہ کے بطور کی گئی ہے جو لشکر طیبہ نامی تنظیم کے ساتھ معاون کی حیثیت سے کام کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدہ معاون ایک سرینڈرڈ عسکریت پسند ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں انڈین آرمز ایکٹ اور یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن چندوسہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔