بارہمولہ: شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں شادی کے نام پر رقومات اینٹھنے والے جعلساز کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ دلنہ میں مشتاق احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن ہد پورہ کھائی ٹنگن نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اس کے بھائی کی شادی کی تقریب کی تاریخ 31دسمبر 2023 کو طے پائی اور راجوری کے تھانہ منڈی علاقے سے دولہن لانی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دولہا دولہن کے گھر والے ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے اور وہ درمیانہ دار(مڈل مین) غلام رسول گاسی ولد علی محمد گاسی ساکن کاکہ پورہ پلوامہ کے ذریعے رابطے میں تھے،مگر درمیانہ دار اب فون اٹھانے کی بھی زحمت گوارا نہیں کر رہا ہے۔
تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ دلنہ پولیس ٹیم نے ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جس دوران انہوں نے جعلساز کو سرینگر میں ٹریس کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ مذکورہ شخص نے شادی رچانے کے نام پر شکایت کنندہ کے خاندان کو دھوکہ دیا اور غیر قانونی طورپر ان سے 1.18لاکھ روپیہ کی رقم اینٹھ لی۔ پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر جعلساز کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
مزید پڑھیں:
بارہمولہ میں شادی انجام دینے میں دھوکہ دینے والے دو بھائیوں کو گرفتار یا گیا: پولیس
واضح رہے 23 نومبر 2023 کو بارہمولہ پولیس نے شادی انجام دینے کے سلسلے میں دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں دو بھائیوں کو گرفتار کیا تھا۔
(یو این آئی)