بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے وائلو کرالہ پورہ علاقے میں گزشتہ شام نا معلوم مسلح افراد نے جموں وکشمیر پولیس میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل پر نزدیک سے گولیاں برسا کر اسے ابدی نیند سلا دیا۔ پولیس کانسٹیبل کے گھر میں حادثہ کی خبر سنتے ہی صف ماتم بچھ گئی۔ آس پڑوس کے رہائشی خاص کر مقتول کے رشتہ دار جوق در جوق ان کے گھر پہنچے اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔
مقتول ہیڈ کانسٹیبل غلام محمد ڈار کے رشتہ داروں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا ڈار چھٹیوں پر اپنے گھر آئے تھے اور اپنی بیٹی کی شادی اور گھر کی مرمت کی تیاریوں میں جٹے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول کی سات بیٹیاں ہیں اور سبھی غیر شادی شدہ۔ ڈار کے رشتہ داروں نے پر نم آنکھوں سے سوالیہ انداز میں کہا: ’’غلام محمد نے کس کا کیا بگاڑا تھا؟ اس کے قتل سے قاتلین کو کیا حاصل ہوا اب اس کی سات یتیم بیٹیاں کس کے سہارے زندگی گزاریں گیں؟‘‘ تاہم انہوں نے پولیس محکمہ خاص کر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مرحوم کی بیٹیوں کی کفالت اور بازآبادکاری کے لئے اقدامات اٹھائے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔