سرینگر: معروف انٹرنیشنل بھارتی کرکٹر اکشر پٹیل نے ہفتے کے روز کہا کہ کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور یہاں کے کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے کھلاڑی پچھلے تین سالوں سے رانجی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار اکشر پٹیل نے گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ کشمیر کی سیر وتفریح پر آیا ہوں اور یہاں کے لوگ کافی اچھے ہیں۔ اکشر پٹیل نے کہا کہ جب بھی موقع ملے گا وہ کشمیر کے نوجوانوں کی رہنمائی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور قومی سطح پر جتنے بھی ٹورنامنٹ منعقد ہو رہے ہیں، یہاں کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔