سرینگر: جموں و کشمیر میں شعبہ سیاحت کو مزید فروغ اور سرحدی ٹورزم کو وسعت دینے کے پیش نظر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دو کراسنگ پوائنٹس کمان پوسٹ اور ٹیٹوال کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں ایل او سی پر کمان پوسٹ کو مزید سجا سنوار کے نئی شکل دی گئی ہے اور وہاں 50 فٹ اونچا قومی پرچم بلند کیا گیا ہے اور سیاحوں کی سہولیات کے لئے اور چیزوں کے علاوہ ایک نئی آرام گاہ بھی تیار کی گئی ہے۔حکام کا ماننا ہے کہ پاکستان زیر قبضہ کشمیر کی نیلم وادی میں واقع شاردا پیٹھ کے راستے میں ٹیٹوال میں مندر کی تعمیر سیاحوں کو راغب کرنے کا ذریعہ بن جائے گا۔
بتادیں کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے سال رواں کے ماہ مارچ میں مندر کا ورچول افتتاح کیا اور بتایا کہ پنجاب کی کرتار پور رہداری کے طرز پر شاردا پیٹھ یاترا کو بحال کرنے کے لئے کام جاری ہے۔حکام پُر امید ہیں کہ جموں و کشمیر کی سیر کرنے کے لئے آنے والے سیاح کمان پوسٹ اور ٹیٹوال کو بھی دیکھنے کے لئے ضرور آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر میں سیاحوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے پیش نظر امسال سیاحوں کی تعداد میں اضافہ درج ہونے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیٹوال میں 22 سے 25 گھروں میں سیاحوں کے قیام کی سہولیات بہم ہیں اور مندر کھولنے سے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج ہوسکتا ہے۔مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ حالات پر امن رہنے کی صورت میں ٹیٹوال جموں وکشمیر کا ایک بڑا سیاحتی مقام بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار پانچ سال قبل کسی کے گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ جگہ ایک سیاحتی مقام بن سکتی ہے۔