بارہمولہ (جموں کشمیر) :منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں ایک منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے نشہ آور ادویات بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوپور پولیس نے سنگری ٹاپ، وٹلب کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش رائیس احمد مٹا ولد غلام رسول ساکنہ اشٹینگو، بانڈی پورہ کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے 128نشہ آور کپشول برآمد کرکے اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
قبل ازیں، بارہمولہ پولیس نے پٹن علاقے میں جمعہ کو ناکہ چیکنگ کے دوران بارہ کلوگرام بھنگ پتری سمیت ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔ بارہمولہ میں رواں برس درجنوں منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ضبط کی ہے۔ رواں برس شمالی کشمیر کے کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع سے خاتون منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بارہمولہ سمیت وادی کشمیر کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے درجن سے زائد منشیات فروشوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھی بھیج دیا گیا ہے۔