بارہمولہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی علاقہ اوڑی کے پرن بیلن علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کو موصول ہوئی اطلاعات کے مطابق بارہمولہ پولیس کو منشیات سے متعلق ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک منشیات فروش نے اپنے رہائشی مکان میں منشیات کو ذخیرہ کر رکھا ہے۔ بارہمولہ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے پرن بیلن، اوڑی میں ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔
پولیس بیان کے مطابق رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران 1260 گرام چرس برآمد کی گئی اور مکان مالک، منشیات فروش، کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے منشیات فروشوں کی شناخت نویس خان ولد کالو خان کے طور پر ہوئی ہے۔ اوڑی پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروش سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ادھر، مقامی باشندوں نے بارہمولہ پولیس کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے معاشرے سے منشیات کا قلع قمع کرنے میں جموں و کشمیر پولیس کو تعاون فراہم کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔