بارہمولہ: شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے سیاحتی مقام ٹنگمرگ کے کھوچی پورہ نامی گاؤں سے تعلق رکھنے والے گوہر علی لون نے 2007 میں اپنے گھر کے آنگن سے مشروم کاروبار کیا تھا جس کے بعد اس محنت کش اور ہنر مند نوجوان نے اپنے علاقے،گاؤں اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔ گوہر علی لون کے پاس اس وقت مشروم فارم،شیپ فارم، پولٹری فارم، سبزی اگانے کے نئے تجربات سے اس نوجوان نے مکان کے اوپری حصے (سلیب) پر بھی سبزی اور ناشپاتی کا پودا لگایا ہے جس کے بعد اس نوجوان کے ہنر کو دیکھ کر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 19 مارچ کو جموں و کشمیر کے آل انڈیا ریڈیو (اے آئی آر) کے 'عوام کی آواز' ریڈیو پروگرام کے 24ویں ایڈیشن کے دوران نوجوان صنعت کار گوہر علی لون کی تعریف کی۔ گورنر نے اس نوجوان کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوہر نے زراعت کے میدان میں نئی تکنیکوں کے بہترین استعمال کے ساتھ کھیتی کو مربوط کرنے میں ایک سنگ میل حاصل کیا ہے اور اس نے زراعت کے کھیتوں اور قصبے اور شہروں کے بڑے بازاروں کے فاصلے کو کم کیا ہے۔ زراعت کے میدان میں گوہر نے دکھایا ہے کہ کس طرح جدید مربوط کاشتکاری کے ذریعے چھوٹے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ آج گوہر کئی چھوٹے کسانوں کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مربوط کاشتکاری میں اپنی کامیابی کی کہانی کی وجہ سے، قریبی علاقوں کے کسان گوہر کے کھیتوں میں جاکر انٹیگریٹڈ کاشتکاری کے شعبے سے متعلق مدد حاصل کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے پروگرام کے دوران کہا کہ اپنی کامیابی کی کہانی کے بعد اسے محکمہ زراعت کی طرف سے منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں کے دوران مدعو کیا جا رہا ہے جہاں وہ چھوٹے کسانوں کو مربوط کاشتکاری کی تربیت فراہم کررہے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے گوہر علی نے کہا کہ بچپن سے ہی مجھے ذراعت کا کافی شوق تھا اور مجھے اپنے والدین کے ساتھ ساتھ محکمہ ایگریکلچر، کے وی کے اور سکاسٹ کشمیر کی طرف سے ہر وقت تعاؤن حاصل رہا ہے جس کے بعد سے میری اس کام میں مزید دلچسپی بڑھ گئی اور اس وقت میں کئی پروگرام اپنے گھر کے ایک کنال تین مرلہ زمین میں چلا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت مشروم فارم، پولٹری فارم، بھڑ فارم، ڈیری فارم، اعلی طریقے سے سبزی اگانے کا کام کررہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے تقریبا ایک سال کی چھ لاکھ سے زائد کی آمدنی ہوتی ہے جس سے میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ ایک اچھی زندگی بسر کررہا ہوں۔