بارہمولہ میں سنی کو جو لوگ جانتے ہیں، وہ نہ صرف اس بات سے خوش ہیں بلکہ کافی لوگوں نے گزشتہ رات سنی کے لیے دل کھول کر ووٹ بھی کیا۔
ملک کے مقبول عام ریئلٹی شو انڈین آئیڈل 2020 کے آڈیشن میں جب سنی نے ججز کو اپنی ماں اور خود کی مجبوریوں کے بارے میں بتایا تو تینوں ججز کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ چند ہی لمحوں میں جب سنی نے سروں کے بادشاہ نصرت فتح علی خان کی طرز پر تان چھیڑی تو ججز کے ساتھ ساتھ دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔
کشمیر سے سنی کی وابستگی بہت پرانی ہے۔ بچپن سے ہی اپنے والدین کی مدد کے لیے سنی نے بارہمولہ کے بازار اور گلی کوچوں میں چھوٹے موٹے کام کیے۔ فرصت کے چند لمحوں میں سنی پڑوس میں رہنے والے لڑکوں کے ساتھ جی بھر کے کھیلا کرتا تھا۔ آج سنی کو جاننے والے یہ تمام لوگ انڈین آئیڈل ونر سنی ہندوستانی کا نام بڑی محبت اور فخر سے لیتے ہیں۔
اتنا ہی نہیں کل رات جب انڈین آئیڈل کا گرینڈ فنالے ٹی وی پر راست ٹیلی کاسٹ ہو رہا تھا تو سنی کے لیے اس کے کشمیری دوستوں نے دل کھول کر ووٹ کیا۔ اس کے مکان مالک کا کہنا ہےکہ 'سنی بہت ہی محنتی اور ایماندار لڑکا ہے اور بارہمولہ کے فٹ پاتھوں پر کافی محنت اور مشقت سے اپنا کام کرکے اپنے ماں باپ کا پیٹ پالتا تھا۔'