مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹورِزم کشمیر نے ہفتہ کو موسم صاف ہونے کے بعد مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں سکی کورس کا آغاز کیا۔
جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے 20 نوجوان لڑکوں پر مشتمل (دوسرے) گروپ کو گلمرگ میں 7 روزہ سکی کورس کرایا جائے گا۔ اِس دوران گروپ کو سکیئنگ کی بنیادی باتوں سے متعارف کرایا جائے گا جبکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے قیام و طعام کے نظم کے علاوہ سکی کا سامان بھی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
سکی اِنسٹرکٹروں کی چار رُکنی ٹیم نوجوانوں کو سکیئنگ کی تربیت دے رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم کشمیر نے رواں سیزن میں تقریباً 6 گروپس کو سکیئنگ کی تربیت دینے کے لئے ہفتہ وار کیلنڈر مرتب کیا ہے۔ اِن 6 گروپس میں دو خصوصی طور پر بیرون وادی کے نوجوانوں کے لئے ہیں جبکہ ایک گروپ کو لڑکیوں کے لیے مخصوص رکھا گیا ہے جس میں یو ٹی جموں و کشمیر کی خواتین شامل ہوں گی۔
بیس لڑکوں پر مشتمل پہلے گروپ نے سکی کورس 31 ؍دسمبر 2020 ء کو مکمل کر لیا تھا۔ کورس کی اسناد حاصل کرنے والے افراد نے بے حد خوشی کا اِظہار کرتے ہوئے محکمہ سیاحت کا شکریہ اَدا کیا ہے۔