سرینگر: فوج کی پندرہویں کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے اتوار کے روز اوڑی میں لائن آف کنٹرول پر اگلی چوکیوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہیں آپریشنل صلاحیت میں اضافے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے اتوار کے روز اوڑی میں ایل او سی کا دورہ کیا اور وہاں پر فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ کور کمانڈر نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کشمیر میں ایل او سی پر آگے والے علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر گراﺅنڈ پر تعینات کمانڈروں نے آپریشنل تیاریوں اور تازہ سکiورٹی صورتحال کے متعلق بریف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موصوف آرمی کمانڈر نے لائن آف کنٹرول پر سکیورٹی فورسز کے کنٹرول اور تیاریوں کی سراہنا کی۔سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران کور کمانڈرنے کہا کہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔اس سے قبل کور کمانڈر کو فوج کے سینیئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔