بارہمولہ: بارہمولہ پولیس نے چند معزز شہریوں کی شکایت پر جعلی شادیاں انجام دینے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کرکے خاتون سمیت چار افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہ مولہ پولیس نے چند معزز شہریوں کی شکایت پر جعلی شادیاں انجام دینے والے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان شادی بیاہ کی تقریبات میں اپنے آپ کو مڈل مین قرار دے کر شادی کے خواہاں افراد کو وئٹس اپ کے ذریعے دوشیزاوں کی تصاویر بھیجتے اور جھوٹا دعویٰ کرتے کہ مذکورہ جواں سال لڑکیاں شادی کے لئے تیار ہیں۔
شکایت کے مطابق ملزم شادیوں کی تقاریب کے دوران مڈل مین کے بطور کام کرتے تھے۔وہ مبینہ طور مختلف جوان لڑکیوں کی تصویریں وٹس ایپ پر بھیجتے اور غلط دعویٰ کرتے تھے کہ وہ شادی کے لئے رضامند ہیں۔
ملزمان دوسرے طرف کے متاثرین کو شادی کے لئے رضا مندی ظاہر کرنے کے لئے تیار کرتے تھے اور انہیں مہر کی رقم مقرر کرنے اور ادائیگی کرنے کے لیے بھی تیار کرتے تھے۔تاہم مالی ٹرانزیکشنز کے باوجود بھی نہ کوئی شادی انجام دی گئی نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ان کے مطابق مذکورہ جعلسازوں نے مہر کی ادئیگی اور کمیشن کے بہانے متاثرین سے سات لاکھ 38ہزار روپیہ کی رقم بھی جمع کی ہے۔