بارہمولہ:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز بارہمولہ ضلع کے بلاک سنگھ پورہ میں سنکلپ سپتہ کے دوران'ربیع مہم- ربیع کی فصلوں کی بوائی' کا افتتاح کیا۔اپنے خطاب میں منوج سنہا نے کہا کہ پچھلے ربیع کے سیزن کے دوران کشمیر ڈویژن میں پہلی بار زرد انقلاب دیکھنے میں آیا تھا اور اس دوران 1.4 لاکھ ہیکٹر رقبہ کو سرسوں کی کاشت کے تحت لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 2020-21 تک، ربیع کے موسم میں تقریباً 70 فیصد قابل کاشت زمین بنجر رہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی انتھک کوششوں کے بعد کشمیر ڈویژن میں ربیع کی فصل کی کاشت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2022-23 میں کسانوں نے 2027 میٹرک ٹن ربیع کی فصل کی کٹائی کی اور ان فیصلوں سے تقربیاً 5000 کروڑ روپے کی تخمینی آمدنی ہوئی ہے۔