سری نگر: شمالی کشمیر کے سوپور میں معمر شہری نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی، تاہم مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اس کو بچایا گیا۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز سوپور کے ہاتھی شاہ پل سے ساٹھ سالہ شہری نے دریائے جہلم میں چھلا نگ لگائی۔ معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود نوجوانوں نے دریا میں کود کر مذکورہ شخص کو ڈوبنے سے بچایا اور بعد ازاں اس کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ ماہ سرحدی ضلع پونچھ میں شہر کے باہر بہنے والی ایک ندی پر بنے پل 'شیر کشمیر پل' پر سے تین لڑکیوں - جو قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔ انہوں نے ندی میں مبینہ طور خودکشی کے ارادے سے ندی میں چھلانگ لگائی۔ ندی میں کودنے والی دو لڑکیوں کو زندہ بازیاب کر لیا گیا تاہم اس میں ایک لڑکی کی موت واقع ہو گئی تھی۔
پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے فوت ہوئی لڑکی کی جسد خاکی کو راجہ سکھدیو سنگھ، ضلع اسپتال پہنچایا جہاں پوسٹ مارٹم سمیت دیگر طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے گی کہ آخر ان تینوں لڑکیوں نے ایک ساتھ دریا میں چھلانگ کیوں لگائی۔ دریا میں کودنے والی تینوں لڑکیاں قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔