بارہمولہ (جموں و کشمیر) :منشیات مخالف جنگ میں جہاں جموں کشمیر پولیس لگاتار منشیات فروشوں کے خلاف لگاتار کارروائیاں انجام دے رہی ہے وہیں جمعرات کو اس ضمن میں بارہمولہ پولیس نے ایک خصوصی کارروائی انجام دیتے ہوئے بعض منشیات فروشوں کی پراپرٹی کو سیل کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیل کی گئی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی قیمت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پٹن علاقے کے برکت علی نامی ایک منشیات فروش کا زیر تعمیر مکان اور اس کے متصل دس مرلہ زمین کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس پریس نوٹ کے مطابق اس شخص کے خلاف اس سے پہلے بھی ایک ایف آئی آر درج تھی اور اب انتظامیہ کے ایک حکم نامہ کے تحت منشیات فروش کی پراپرٹی کو منسلک کیا گیا۔ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں بارہمولہ پولیس نے ایک کار زیر رجسٹریشن نمبر DL2AE -2820 جو عبد الرحمان ملک ساکنہ کلنترا پائیں نامی ایک منشیات فروش کی ہے کو بھی ضبط کیا گیا۔ بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ کہا کہ یہ گاڑی منشیات فروشی کو ٹرانسپورٹ کرنے کے لئے استعمال میں لائی جا رہی تھی اور اس شخص کے خلاف بھی پولیس نے اس سے پہلے ایک ایف آئی آر درج کی تھی۔