بارہمولہ (جموں کشمیر) :معاشرے سے منشیات کی بدعت کے خاتمے کے لیے جنگ جاری رکھتے ہوئے شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں جموں کشمیر پولیس نے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 210 گرام چرس (جیسا) مادہ بر آمد کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل ہی سوپور میں پولیس نے ایک ’’بدنام اور مطلوب‘‘ منشیات فروش پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اسے کوٹ بلوال جیل، جموں منتقل کر دیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس چوکی وترگام کی پارٹی نے ڈانگر پورہ، رفیع آباد میں ناکہ قائم کیا۔ ناکہ پر چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے 210 گرام چرس برآمد کیا گیا۔ پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی شناخت منیب احمد ڈار ولد عبد الجبار ڈار ساکنہ مقام شہید میر بومئی کے نام سے کی ہے۔ سوپور پولیس نے اس ضمن میں NDPS ایکٹ کی دفعہ 8/20 کے تحت ایف آئی آر نمبر 94/2023 پولیس اسٹیشن ڈانگی واچہ میں درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔