سری نگر: منشیات کی بدعت کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بارہمولہ سجاد بخاری کی نگرانی میں پولیس کی ایک ٹیم نے فتح گڑھ شیری میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروش شیری مارکیٹ کی طرف آرہا تھا اور پولیس کو دیکھتے ہی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔ بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت مجید احمد صوفی ولد عبدالاحد صوفی ساکن فتح گڑھ شیری کے بطور ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاش کے دوران منشیات فروش کی تحویل سے 140 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا اور اس کو فوری طور حراست میں لیا گیا۔ بیان کے مطابق اس ضمن میں پولیس اسٹیشن شیری میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 18 مئی کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے دلنہ پولیس نے ایک فوٹو جرنلسٹ عنایت قیوم کو منشیات سمیت کانسپورہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس نے عنایت قیوم کی تحویل سے 12 گرام ممنوعہ براؤن شوگر جیسا مادہ برآمد کرنے کے ساتھ ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی۔