بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں پولیس اور سیول انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے گزشتہ دنوں منشیات کی کاشت سے متعلق کی گئی کارروائی کے دوران کئی کنال اراضی پر کاشت کی جا رہی پوست کی فصل کو تباہ کر دیا۔ پوست کی کاشت کے خلاف کی گئی کارروائی میں سپور پولیس، محکمہ مال اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار شامل تھے۔
تحصیلدار پنزی پورہ، سوپور، امن دیپ سنگھ نے پوست کی کاشت کے خلاف کی گئی کارروائی کے حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’تشکیل دی گئی ٹیم - جس میں پولیس، ریونیو اور ایکسائز محکمہ کے اہلکار شامل ہیں - نے سوپور کے مختلف علاقوں میں خشخاش کی فصل کے خلاف مہم تیز کر دی ہے اور سوپور کے پنزی پورہ کے مختلف علاقوں میں کئی کنال اراضی پر کی جا رہی پوست کی کاشت کو تباہ کر دیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ فصل کو تباہ کرنے سے قبل ہی انہوں نے مقامی پی آر آئی ممبران، ذی عزت شہریوں اور مساجد کمیٹیز کے ذریعے از خود فصل کو تباہ کرنے کی درخوات کی تھی۔