بارہمولہ (جموں کشمیر):شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ڈاک بنگلوو سوپور میں ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کی جانب سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سوپور اور بلاک زنگیر سے وابستہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ ساتھ پارٹی ورکرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پارٹی کے سینئر لیڈروں نے خطاب کرتے ہوئے کارکنان سے پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنے ابتدائی خطاب کے دوران سابق ایم ایل اے سوپور، اور ڈی پی اے پی کے سینئر لیڈر شعیب لون نے کہا کہ ’’آج ہم نے سوپور میں پارٹی کی پہلی میٹنگ منعقد کی اور اس میٹنگ لوگوں کی بھاری شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ ڈی پی اے پی عوام میں کافی مقبول ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ہماری پارٹی لوگوں کی اپنی پارٹی ہے اور ہم غریب لوگوں کے لیے کام کرنے کے لیے پر عزم ہے۔‘‘ ڈی پی اے پی لیڈران نے غلام نبی آزاد کو عوام دوست لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں غلام نبی آزاد کی قیادت میں ہی جموں و کشمیر میں حکومت قائم ہوگی۔