بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں تین روز سے لاپتہ ایک شخص کی لاش ہفتہ کو دریائے جہلم سے برآمد کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کھڈانیار، بارہمولہ کے قریب دریائے جہلم میں کچھ راہگیروں کو ایک لاش نظر آئی جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور لاش کو مقامی لوگوں کی مدد سے بازیاب کرکے اپنی تحویل میں لے لیا۔
بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ متوفی راجندر سنگھ ولد راجو ساکنہ سنگری کالونی، بارہمولہ چند دنوں سے لاپتہ تھا۔ ایک پولیس آفیسر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میت کو فوری طور پر طبی و قانونی لوازمات کے لیے طبی مرکز بھیج دیا گیا ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔ پولیس افسر نے مزید کہا کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد ہی میت کو آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔