بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں چھٹی ڈسٹرکٹ لیول NCORD اور COTPA میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈی سی بارہمولہ، ڈاکٹر سید سحرش اصغر، کے علاوہ ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور پولیس کے کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران منشیات مخالف سرگرمیاں اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران ڈی سی نے منشیات مخالف سرگرمیوں میں تیزی لانے اور مختلف محکمہ جات کو آپسی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
میٹنگ کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی سی بارہمولہ، ڈاکٹر سید سحرش اصغر، نے کہا کہ ’’میٹنگ کا اصل مقصد ضلع انتظامیہ اور جموں کشمیر پولیس افسران کے ساتھ مل کر منشیات کی وبا کے خلاف کام کرنے کے حوالہ سے گفتگو کرنا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران گزشتہ دنوں منشیات فروشوں کے حوالہ سے کئی گئی کارروائیوں، ریکوری کے بارے میں تفصیلات شیئر کی گئیں جبکہ منشیات میں مبتلا نوجوانوں کی کاؤنسلنگ اور ڈرگ ڈی ایڈکشن سنٹرز کو مزید فعال بنائے جانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔