بارہمولہ (جموں و کشمیر) :معاشرے سے منشیات کی بدعت کا خاتمہ کرنے کی اپنی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پیر کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک اہم پیش رفت میں منشیات فروش کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بینک اکاؤنٹ میں جمع 16.33 لاکھ روپے کی رقم کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
پولیس بیان کے مطابق بارہمولہ پولیس کے ایک سینئر افسر، ایس ڈی پی او، شوکت علی نے اس کارروائی کو انجام دیا اور ایک ’’بدنام زمانہ‘‘ منشیات فروش مقصود احمد بٹی ولد باغ علی بٹی ساکنہ کملکوٹ، اوڑی کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر لیا۔ اس ضمن میں پولیس نے ایف آئی آر 22/2023 u/s 8/21 , 27 این ڈی پی ایس ایکٹ کے پولیس اسٹیشن اوڑی میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں منشیات فروشی میں ملوث منشیات فروشوں کے خلاف اس قسم کی کارروائی کو منشیات کے خاتمہ کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ پریس بیان کے مطابق ’’کسی بھی منشیات فروش کو بخشا نہیں جائے گا اور منشیات کے کاروبار کو ختم کرنے کے لئے جموں و کشمیر پولیس لگاتار سرگرم ہے۔‘‘ ادھر، مقامی باشندوں نے پولیس کی جانب سے منشیات کا قلع قمع کرنے اور شہریوں کو اس وبا سے دور رکھنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کی سراہنا کی ہے۔
مزید پڑھیں:Police destroyed wild bung: اونتی پورہ پولیس نے خود رو بھنگ کو کیا تباہ
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر خاص وادی کے طول و ارض میں جموں و کشمیر پولیس، محکمہ ایکسائز، محکمہ مال کی جانب سے منشیات کے بڑھتے رجحان کو کم کرنے کے لیے کئی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ پیر کو جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں پولیس اور میونسپلٹی کی جانب سے انجام دی گئی مشترکہ کارروائی میں خود رو بھنگ کو تباہ کیا گیا۔