بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں ڈائیریکٹر ایگریکلچر، کشمیر، کی قیادت میں کارروائی انجام دی گئی جس دوران بوری پورہ علاقے میں غیر معیاری کھاد کی 220بوریاں ضبط کی گئیں۔ اس کارروائی میں ضلع انتظامیہ بارہمولہ کے افسران اور سوپور سے وابستہ محکمہ ایگریکلچر کا عملہ بھی موجود تھا۔ عہدیداروں نے کارروائی کے حوالہ سے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا: ’’چند روز قبل ہی ہمیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ریاست راجستھان سے ایک گاڑی سوپور کی جانب روانہ ہو رہی ہے جس میں غیر معیاری کھاد کی سینکڑوں بوریاں ہیں۔ محکمہ نے فوری طور پر ٹیم روانہ کی ٹرک کا پیچھا کیا اور سوپور علاقے میں غیر معیاری کھاد کی سبھی بوریاں ضبط کی گئیں۔‘‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات ہوئے ڈائریکٹر ایگریکلچر، کشمیر، چودھری محمد اقبال نے کہا کہ غیر معیاری کھاد اور جراثیم کش ادویات کے بارے میں مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں اور اس حوالہ سے محکمہ زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکات انجام دینے والے افراد کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی انجام دی جائے گی۔ سوپور میں انجام دی گئی کارروائی کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ نے اپنے طور کارروائی انجام دی جبکہ مقامی پولیس اسٹیشن میں بھی اس کے ضمن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔