بارہمولہ (جموں و کشمیر):بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتےہوئے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے منشیات فروشوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سنگرامہ چوک میں قائم کیے گئے ایک ناکے کے نزدیک مشکوک انداز میں چل رہے ایک شخص کو گشت کر رہی پولیس پارٹی نے رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمین نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں دبوچ لیا۔
پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تلاشی کے دوران ان افراد کی تحویل سے ہیروئن جیسا مادہ بر آمد کیا گیا اور انہیں موقعے پر ہی گرفتار کر کے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ ترزو میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بارہمولہ پولیس نے سنگرامہ چوک سے گرفتار کیے گئے تین منشیات فروشوں کی شناخت عبد اللطیف گوجر ولد نور محمد گوجر ساکن تحصیل گندوہ ڈوڈہ۔ پروین کونثر دختر میر حسین ساکن سدرہ، بائی پاس، جموں اور شبنم بیگم بنت محمد اکبر خان ساکن اخیروانی، ولتر، رفیع آباد کے طور پر ظاہر کی ہے۔