بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نظر بند ایک قیدی کے رشتہ داروں سے رہائی کے عوض روپے طلب کرنے کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس بیان کے مطابق ایک شخص نے پولیس اسٹیشن بارہمولہ سے رابطہ قائم کیا اور تحریری طور شکایت درج کرائی جس میں اوس نے دعویٰ کیا کہ اس کے والد بشیر احمد صالح جو 2022 سے PSA کے تحت نظر بند ہیں اور دو افراد - مدثر احمد وانی ولد منظور احمد وانی ساکنہ سانگری، بارہمولہ اور یاسر رشید راتھر ولد عبد الرشید راتھر ساکنہ ملپورہ، شیری - نے ایک سیاسی جماعت سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ان کے والد کو حراست سے رہا کرانے کے لیے ان سے 1 لاکھ روپے کی مانگ کی تھی۔
درخواست گزار کے والد پی ایس اے کی منسوخی کے بعد رہا ہو گئے اور دونوں ملزمان نے رقم کے لیے ان سے رابطہ کیا تاہم اہل خانہ نے کچھ بھی دینے سے انکار کیا۔ تاہم، عرضی گزار کے مطابق، دونوں ملزمان نے انہیں بار بار رقم ادا کرنے پر مجبور کیا اور ان کے گھر بھی آکر ان سے رقم کی مانگ کی اور کئی بار فون پر بھی بات کی اور متنبہ کیا کہ اگر وہ رقم ادا نہیں کریں گے تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ اس کے والد کو دوبارہ حراست میں بھیج دیں گے۔