بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے وائلو کرالہ پورہ گاوں میں منگل کی شام کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے جموں وکشمیر پولیس میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا، اور بعد ازاں اس کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی شام بارہمولہ کے وائلو کرالہ پورہ گاوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب مشتبہ عسکریت پسندوں نے ہیڈ کانسٹیبل غلام محمد ڈار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ گولیوں کی آوازیں سنتے ہی آس پاس رہائش پذیر لوگ گھروں سے باہر آئے اور زخمی اہلکار کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا،تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ذرائع نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل کے جسم میں پانچ گولیاں پیوست ہوئیں ہیں جس وجہ سے اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ۔
دریں اثنا پولیس ذرائع نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ عسکریت ہسندوں نے پولیس ہیڈ کانسٹیبل غلام محمد ڈار پر گھر کے باہر فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں پروہ جانبر نہ ہو سکا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔۔