بارہمولہ آتشزدگی متاثرین کی فوری امداد کرنے کی اپیل بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اولڈ ٹاؤن میں چند روز قبل آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے اور لاکھوں روپے مالیت کی املاک بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔ پیر کو کانگریس لیڈر ایڈوکیٹ شیخ عامر نے اولڈ ٹاؤن کا دورہ کیا اور متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ Congress Leader Visits Baramulla Fire Victims Urges Administration for urgent Rehabilitation
کانگریس لیڈر نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’آتشزدگی کے دوران گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جو کہ ایک خوش آئند بات ہے تاہم آگ کے سبب دو رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہو گئے۔‘‘ شیخ عامر نے مزید کہا: ’’آگ کے سبب کئی کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں، ضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ ان کی فوری بازآبادکاری کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔‘‘
انہوں نے انتظامیہ سے سردیوں کے ان ایام میں آتشزدگی متاثرین کو سر چھپانے کے لیے جگہ فراہم کرنے کی بھی اپیل کی۔ شیخ عامر نے صاحب ثروت افراد، سیول سوسائٹی اور فلاح اداروں سے متاثرین کی معاونت کی بھی اپیل کی ہے۔ شیخ عامر نے مزید کہا کہ ’’متاثرین ذاتی کوششوں اور فلاحی تنظیموں کی مدد سے سر چھپانے کے لیے کوئی ٹھکانہ تو تعمیر کر لیں گے تاہم اس میں کافی وقت لگے گا، تب تک ان کنبوں کو عارضی رہائش فراہم کرنا ضلع انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔‘‘
مزید پڑھیں:Fire in Baramulla بارہمولہ اور گاندربل میں آتشزدگی، دو رہائشی مکان خاکستر
یاد رہے کہ چند روز قبل اولڈ ٹاؤن بارہمولہ میں دو روز قبل ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آنا فانا پوری عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔ گرچہ فائر اینڈ سروس فوری طور مائے موقع پر پہنچے تاہم آگ نے تب تک ایک اور عمارت کو اپنی زد میں لے لیا تھا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کی بروقت کارروائی کی وجہ سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تھا تاہم آگ کے سبب دو رہائشی مکان اور ان میں موجود املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔