راہل گاندھی نجی دورے پر گلمرگ پہنچے گلمرگ:کانگریس لیڈر راہل گاندھی بدھ کے روز نجی دورے پر سیاحتی مقام گلمرگ پہنچے۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی بدھ کی سہ پہر کو سرینگر پہنچے اور سیدھے گلمرگ کی طرف روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کا یہ نجی دورہ ہے اور وہ تین روز تک یہاں قیام کریں گے معلوم ہو ہے کہ راہل گاندھی کے گلمرگ دورے کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وہیں ذرائع کے مطابق نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ گلمرگ میں اپنی تعطیلات کے دوران راہل گاندھی کے ساتھ شامل ہونے کا امکان ہے۔
پردیش کانگریس کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ گاندھی ذاتی دورے پر ہیں اور امکان ہے کہ وہ وادی میں ایک نجی تقریب میں شرکت کریں گے۔ذرائع نے ان کے پروگرام کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ واضح رہے کہ مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ روز کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا تیسر ایڈیشن اختتام پزیر ہوا۔ 5 روزہ اس ایونٹ میں11 کھیل مقابلوں میں ملک بھر سے تقربیاً 15 سو سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔کھیلو انڈیا وونٹر گیمز کا پہلا ایڈیشن سنہ 2020 میں گلمرگ میں منعقد ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:Khelo India Winter Games گلمرگ میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز اختتام پزیر
بتادیں کہ راہل گاندھی نے دو ہفتے قبل سرینگر میں بھارت جوڑو یاترا مکمل کی تھی، اس دوران انہوں نے گھنٹہ گھر میں قومی پرچم لہرایا اور 30 جنوری کو شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم، سرینگر میں بھاری برفباری کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کانگریس سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے لیدڑان، کارکنان سے خطاب کیا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال سمیت آر ایس ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’انہوں نے ہمیں جو نفرت اور پُر تشدد سیاسی چہرہ دکھایا ہے، ہم اُس کے بالکل بر عکس محبت اور امن کا ایک متبادل فراہم کریں گے۔‘‘
قابل ذکر ہےکہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے کنیا کماری سے کشمیر قریب چار ہزار کلو میٹر مسافت طے کی جس میں 5 ماہ کا عرصہ لگا اور یہ یاترا بارہ ریاستوں سے ہو کر گزری۔ یاترا کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کرکے راہل گاندھی کی حمایت کی، وہیں جموں و کشمیر میں بھی این سی، پی ڈی پی، سی پی آئی (ایم)، شیو سینا سمیت دیگر کئی سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:Bharat Jodo Yatra بھاری برفباری کے باوجود کانگریس کارکنان کے حوصلے بلند