رفیع آباد، بارہمولہ میں کانگریس پارٹی نے کیا کنونشن منعقد بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں کانگریس کی جانب سے ایک روزہ پارٹی کنونشن منعقد کیا گیا جس میں رفیع آباد کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں سے آئے لوگوں، پارٹی لیڈران و کارکنان سے شرکت کی۔ کنونشن کے دوران پارٹی لیڈران نے کارکنان پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے اور پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنائے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔
کنونشن کے موقع پر کانگریس کے سینئر رہنما الطاف ملک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ دور میں لوگوں کو اَن گنت مسائل درپیش ہیں، جن کا ازالہ صرف ایک عوامی منتخب حکومت ہی کر سکتی ہے۔‘‘ ملک نے سخت لہجہ میں کہا: ’’اب بہت ہو گیا، جموں و کشمیر میں اسمبلی الیکشن ہونے ہی چاہئے۔‘‘ ملک نے سوالیہ انداز میں کہا: ’’بھارت کی دیگر ریاستوں میں اگر انتخابات وقت پر منعقد ہوتے ہیں تو یہاں کیوں نہیں؟‘‘
بی جے پی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ملک نے کہا: ’’وہ کہتے ہیں کہ جموں کشمیر بدل چکا ہے لیکن ہمیںسمجھ نہیں آ رہا کہ کشمیر میں آخر کیا بدلا؟ لوگ آج بھی پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں۔‘‘ بجلی کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر جو کہ آبی ذخائر سے مالا مال ہے اور ہزاروں میگاواٹ بجلی کی پیدوار کے باوجود یہاں کے لوگوں کو گھپ اندھیرے میں ڈبو دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:LG Doesn’t Want Polls in JK, omar: منوج سنہا واحد شخص ہیں جو یہاں انتخابات نہیں چاہتے، عمر عبداللہ
انہوں نے بی جے پی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا: ’’لوگ اس وقت مشکلات سے دوچار ہیں، عوام دبدن غریب ہوتی جا رہی ہے، بجلی کی صورتحال حال کافی خراب ہے اور اب لوگوں کو راشن سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ مرکز سرکار کی جانب سے ’دل کی دوری اور دہلی کی دوری‘ کو مٹانے کی باتیں کی جا رہی ہیں وہیں دوسری جانب لوگوں کو بے اختیار بنائے جانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جا رہی۔