شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں آج ایک کلینک کا آغاز کیا گیا۔ اس موقعے پر سوپور سول سوسائٹی اور تاجر برادری کے ساتھ ساتھ اے ڈی سی سوپور پرویز سجاد موجود تھے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کلینک کے منتظم ڈاکٹر صدف نے بتایا کہ ہم گزشتہ پانچ برسوں سے اس کام میں لگے تھے کہ ہم سوپور میں ایک جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین کلینک کا قیام عمل میں لائیں تاکہ عام لوگوں کی مدد کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سوپور اور اس کے گرد و نواح علاقوں سے کافی زیادہ مریض سرینگر علاج کے لئے جاتے ہیں اور ان کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کلینک نہ ہونے کی وجہ سے عام اور خاص کر غریب لوگ سب سے زیادہ پریشان ہوتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ ہم غریب لوگوں سے زیادہ فیس کی مانگ نہ کریں اور اچھا علاج کرنے کی کوشش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیاء کے سب سے بڑے ٹراؤٹ فش فارم میں عملے کا فقدان
تاہم سوپور کے لوگوں نے اس کلینک کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں اب عوام کو زیادہ مشکلات سے دو چار نہیں ہونا پڑے گا اور انہیں کم پیسوں میں اچھا علاج ملے گا۔