شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر سوپور سے 12 کلو میٹر دور ہردوشیواہ نامی گاؤں کو ضلع انتظامیہ کی طرف سے الرٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ اور اس حوالے سے کل ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا کہ کچھ روز قبل علاقہ میں کوے اور باقی پرندوں کو مردہ حالت میں پایا گیا تھا جس کے نتیجے میں علاقہ میں برڈ فلو کی خبریں سوشل میڈیا پر گشت کرنے لگی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
لوگوں نے اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ محکمہ کی طرف سے لاپروائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے یہاں پر برڈ فلو پھیلنے کا زیادہ خدشہ پیدا ہوگیا، کیونکہ محکمہ نے پہلے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ ہی انتظامیہ نے کوئی ٹیم علاقہ میں روانہ کی تھی جس کے چلتے یہاں کے لوگوں کے اندر کافی غصہ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر اس بیماری کا دائرہ بڑھ گیا تو اس کی ذمہ داری محکمہ پر عاید ہوگی اور اس کا جواب بھی ان ہی کو دینا ہوگا۔
آج اسی اثناء میں ڈزیر انویسٹی گیشن ٹیم، محکمہ انیمل ہسبنڈری اور محکمہ وائلڈ لائف کے ملازموں نے علاقہ ہردوشیواہ کا ازخود جائزہ لیکر وہاں پر مردہ جانوروں اور پرندوں کے علاوہ گھر گھر جاکر مرغیوں کے نمونے حاصل کئے۔