بارہمولہ (جموں و کشمیر):نیشنل بی بورڈ (National Bee Board) کی جانب سے جموں و کشمیر خاص کر وادی میں مگس پروری کو فروغ دینے کی غرض سے ’’بی فلورا پارکس‘‘ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس طرح کی پارکس میں مخصوص اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں جس سے، ماہرین کے مطابق، شہد کی مکھیوں کو سال کے بیشتر ایام میں کوالٹی نیکٹر اور پولن دستیاب رہتا ہے، جس سے نہ صرف شہد کا معیار بہتر ہوتا ہے بلکہ پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا ہے نتیجتاً مگس پروروں کی آمدن میں اضافہ ہوتا ہے۔
میڈیا نمائندوں کے کے ساتھ بات کرتے ہوئے آفیشلز نے بتایا کہ حکومتی سطح پر کشمیر کے مختلف اضلاع میں مگس پروروں کو خاص قسم کے پودے فراہم کیے گئے تاکہ وہ اس اسکیم کے ذریعے فائدہ حاصل کرکے اپنے روزگار کو وسعت دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاص قسم کے پودے قریب نو ماہ تک سرسبز رہتے ہیں اور شہد کی مکھیوں کو نیکٹر اور پولن فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس وقت وادی کشمیر میں مگس پروری کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور نوجوانوں میں اس حوالہ سے کافی دلچسپی دیکھنے کو مل رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کے لئے اور زیادہ روزگار کے وسائل پیدا کیے جائیں۔‘‘