شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ میں بدھ کو محکمہ وائلڈ لائف میں کام کر رہے عارضی ملازمین نے محکمہ جنگلات کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔
احتجاجی عارضی ملازمین نے محکمہ جنگلات کے افسران کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کئی مہینوں سے رکی پڑی تنخواہ واگزار کرنے کی مانگ کی۔
محکمہ جنگلات سے وابستہ عارضی ملازمین کا سوپور میں احتجاج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ وہ تقریباً دو سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے سبب انہیں اور انکے اہل و عیال کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے انہیں رات دن ڈیوٹی پر مامور کیا جاتا ہے جسے وہ ایمانداری سے انجام دیتے آ رہے ہیں۔ تاہم تنخواہ سے محروم ہونے کے سبب وہ اور ان کا اہل و عیال فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
احتجاج میں شامل بعض عارضی ملازمین نے کہا کہ وہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے محکمہ میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے ہیں۔ نہ انکی تنخواہ واگزار کی جا رہی ہے اور نہ ہی انہیں محکمہ میں ان کی ملازمت مستقل کرنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم اٹھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ افسران جان بوجھ کر ایسا کر رہے ہیں۔‘‘
یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے ایل جی انتظامیہ سے ان کی تنخواہ واگزار کرنے کے علاوہ ان کی نوکری مستقل کرنے کی اپیل کی۔