بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سرحدی علاقہ بونيار، اوڑی کے ایک منشیات فروش کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جیل بھیجے گئے منشیات فروش کے خلاف کئی کیسز درج تھے۔ ذرائع کے مطابق وہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو منشیات سپلائی کررہا تھا۔
جموں و کشمیر پولیس نے اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد منشیات فروش کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جموں سینٹرل جیل منتقل کر دیا۔ بارہمولہ پولیس نے جیل بھیجے گئے منشیات فروش کی شناخت رفیق احمد خان ولد غلام حسن خان ساکنہ گڈار، بونيار، اوڑی کے طور پر کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سرحدی قصبہ اوڑی کے پرن بیلن میں ایک منشیات فروش کو گرفتار ایک کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئی تھی۔ جبکہ گزشتہ روز ہی ایک کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ضبط کرکے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا گیا۔