بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سرحدی علاقے اوڑی کے نولکھا کراسنگ پر جموں و کشمیر پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کی تحویل سے چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کو ملی اطلاعات کے مطابق بارہمولہ پولیس نے نولکھا کراسنگ پر ایک ناکہ قائم کیا تھا اور ناکہ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ایک ماروتی کار کو رُکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس بیان کے مطابق ڈرائیور نے ناکہ پر پولیس کی جانب سے روکے جانے پر رکنے کے بجائے بھاگنے کی کوشش کی تاہم مستعد پولیس اہلکاروں نے اسے دبوچ کر گاڑی سمیت اس کی ذاتی تلاشی بھی لی۔
بارہمولہ پولیس نے بتایا کہ تلاشی کارروائی کے دوران ایک کلو چرس برآمد کی گئی جب کہ گاڑی کے ڈرائیور - منشیات فروش - کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق چرس سمیت منشیات فروشی کے استعمال میں لائی جانے والی گڑی کو بھی سیز کر دیا گیا ہے۔ اوڑی پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی شناخت ساجد خان ولد افضل خان ساکن مورہ، اوڑی کے طور پر ظاہر کی ہے۔ منشیات فروش کے خلاف پولیس اسٹیشن بونیار میں ایک کیس درج کر بارہمولہ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔