بارہمولہ (جموں کشمیر) :منشیات فروشی کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے ’’انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ‘‘ منشیات اسمگلر کے خلاف بارہمولہ میں پی آئی ٹی، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے سنٹرل جیل، کوٹ بلوال، جموں روانہ کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ منشیات اسمگلر شعیب اعجاز گرو ولد اعزاز احمد گرو ساکنہ ملت کالونی، کنیس پورہ، بارہمولہ کے خلاف مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراست کے احکامات حاصل کرنے کے بعد PIT-NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج کرکے منشیات فروش کو حراست میں لیا گیا ہے اور بعد میں اسے سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں منتقل کر دیا گیا۔
پولیس بیان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف پہلے ہی ضلع میں کئی مقدمات درج ہیں اور یہ منشیات فروش قصبہ بارہمولہ اور ضلع کے دیگر علاقوں کے مقامی نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرکے منشیات کے استعمال کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے شعیب کے خلاف بھی کئی ایف آئی آر درج تھیں اور منشیات فروشی کو فروغ دینے کے لیے کافی بدنام تھا۔ بارہمولہ پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج کرنے کے باوجود اس نے اپنی سرگرمیوں کو بند نہیں کیا اور مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کرکے منشیات کے استعمال کو فروغ دینے میں دوبارہ ملوث ہوا جس کے پیش نظر اس پر پی ایس اے عائد کرکے جیل بھیج دیا گیا۔