ماہِ صفر المظفر کی مُناسبت سے دائرہ ادب دلنہ، بارہمولہ کے اہتمام اور اِدارہ یادگارِ حُسینی ہائیگام، سوپور کے اشتراک سے حُسینی مجالس اور مشاعروں کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے ہائیگام، بارہمولہ میں حُسینی مُشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔
مشاعرے میں وادیٔ کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے شعراء کرام نے حضرت امام عالی مقام رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اُن کے جانثاروں کے تئیں منظوم خراج پیش کیا۔
مجلس کے ابتداء میں ڈاکٹر عزیز حاجنی اور گزشتہ تین برسوں میں رحلت کرچکے قلمکاروں اور ادباء کے حق میں دُعائے مغفرت کے علاوہ مختلف امراض میں متبلا ادیبوں اور شعراء کے لیے شفایابی کی دُعا کی گئی۔
دائرہ ادب دلنہ کے صدر شاہد دلنوی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ’’گزشتہ تین برسوں کے دوران ناسازگار حالات اور کووِڈ19 کے پیش نظر دیگر ادبی انجمنوں کی طرح دائرہ ادب بھی ادبی سرگرمیاں جاری نہ رکھ سکا، تاہم امسال حسینی مشاعرے سے ادبی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جنہیں آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔‘‘