بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ’’آیوش‘‘ کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ طبی کیمپ کا افتتاح ڈی ڈی سی چیئرپرسن، بارہمولہ، سفینہ بیگ نے کیا جبکہ ان کے ہمراہ بارہمولہ کے دیگر کئی ڈی ڈی سی ممبران بھی تھے۔ طبی کیمپ میں قصبہ بارہمولہ سمیت مضافاتی علاقوں سے آئے دو سو کے قریب مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ انہیں ادویات بھی مفت فراہم کی گئی۔
کیمپ میں ضلع آفیسر، آیوش، اور نوڈل آفیسر سمیت دیگر کئی عہدیداروں سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ محکمہ آیوش کے افسران نے کیمپ میں آئے افراد کو حفظان صحت کے حوالے سے مفصل جانکاری فراہم کی۔ علاوہ ازیں کیمپ میں مدعو کیے گئے ماہر ڈاکٹروں نے لوگوں کا علاج ومعالجہ کیا جبکہ اس موقع پر مریضوں کو ادویات بھی فرہم تقسیم کی گئی۔ طبی کیمپ کے انعقاد پر مقامی باشندوں، کیمپ میں آئے مریضوں نے منتظمین کی سراہنا کی۔
طبی کیمپ کے حوالہ سے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئرپرسن، بارہمولہ، سفینہ بیگ نے کہا کہ علاقے میں اس قسم کا کیمپ منعقد کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے اور لوگوں کی خاصی تعداد کیمپ میں شریک ہوئی اور متعدد خدمات سے مستفید بھی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں قریب دو سو لوگوں نے رجسٹریشن کرائی اور یہاں آئے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کین۔