بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں مختلف مقامات پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف انہدامی کارروائی Anti Encroachment Drive انجام دی گئی۔ انہدامی کارروائی کے دوران سرکاری اراضی خصوصاً کاہچرائی پر تعمیر کیے گئے عارضی ڈھانچوں کو مسمار کرکے حکومت نے سینکڑوں کنال اراضی کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں کی گئی انہدامی کارروائی سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے پٹن کے ایس ڈی ایم نے بتایا: ’’لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے پیش نظر پٹن میں بھی سرکاری زمین پر سے قبضہ ہٹا کر اراضی کو بازیاب کر لیا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہدامی کارروائی کے دوران قبضہ میں لی گئی سرکاری اراضی پر سے تاربندی کو ہٹاکر اور تعمیر کیے گئے عارضی ڈھانچوں کو مسمار کرکے قریب ڈیڑھ سو کنال اراضی کو ضلع انتظامیہ نے واپس اپنی تحویل میں لے لیا۔