بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں منشیات مخالف بایک اور پیدل ریلیز کا اہتمام عمل میں لایا گیا۔ منشیات مخالف ریلیز میں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم سینکڑوں طلبہ سمیت، پولیس و سیول انتظامیہ کے افسران اور پی آر آئی ممبران نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں شامل افراد خاص کر طلبہ نے منشیات مخالف نعرے بازی بھی کی اور سوپور کی عوام سے منشیات سے دور رہنے کا پیغام دیا۔ ریلی میں شامل طلبہ و طالبات نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے مضر اثرات سے متعلق پیغامات اور منشیات مخالف نعرے درج تھے۔
پیدل و بائیک ریلیز میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور منشیات سے دور رہنے کا لوگوں تک پیغام پہنچانے کی کوشش کی۔ ریلی کے حوالہ سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بی ڈی سی چیئرپرسن، سوپور، فریدہ خان نے بتایا کہ ’’پیدل اور بائک ریلیز کا اصل مقصد لوگوں خاص کر نوجوانوں تک منشیات کے مضر اثرات کا پیغام پہنچایا جائے اور نوجوانوں کو اس لت سے دور رکھنے کا جذبہ و شوق دلایا جائے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائی یا آواز بلند کرنا سرکاری اداروں، افسران یا کسی خاص طبقے کی نہیں بلکہ مجموع طور پر یہ قوم کی ملی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کا عندیہ دیا۔