بارہمولہ:جموں وکشمیر پولیس نے مبینہ طور پر اغوا کی گئی لڑکی کو بازیاب کرکے اس کے دو اغوا کاروں کو دہلی سے گرفتار کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یکم جولائی 2023 کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پولیس پوسٹ پلہالن کو ایک شخص کی طرف سے شکایت موصول ہوئی۔ شکایت میں کہا گیا کہ اس کی 9 سالہ بیٹی 30 جون 2023 سے لاپتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن پٹن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ 'تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ لاپتہ لڑکی کو کچھ نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے'۔ بیان میں کہا گیا کہ 'تکنیکی شواہد کی مدد سے مزید تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمین اور پراسیکیوٹریکس جموں وکشمیر سے دہلی چلے گئے ہیں۔