بارہمولہ:شمالی کشمیر کے سردی علاقے اوڑی کے دچی علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین رہائشی مکان اور ایک گؤ خانہ خاکستر ہو گئے۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ دوران شب ایک رہائشی مکان سے آگ اچانک نمودار ہوئی جس نے دچی علاقے کے دو دیگر رہائشی مکانات اور ایک گؤ خانہ کو آناً فاناً اپنی زد میں لے لیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے تین رہائشی مکانوں اور ایک گؤ خانہ کو اپنی زد میں لے لیا جس کے بعد مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم آگ کے سبب رہائشی مکانات ان میں موجود املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔ لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنز بوسیدہ ہو چکی ہیں اور شارٹ سرکٹ کے باعث آگ نمودار ہوئی جس نے کئی کنبوں کو بے گھر کر دیا۔