بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بونیار اوڑی علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واقعے میں 16دکانیں اور ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بونیار اوڑی کے مین بازار میں درمیانی شب آگ نمودار ہوئی، جس نے آناً فاناً پورے مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور فوج کی جانب سے بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا،تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں 16دکانیں اور ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بونیا اوڑی مارکیٹ میں درمیانی شب آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے عہدیدار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں 16دکانیں اور ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے۔ان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ خاکستر ہوئے دکانوں میں ریڈی میڈ گارمنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے ، فوٹو گرافر ، کریانہ کے علاوہ دیگردکانیں شامل تھیں۔