ضلع انتظامیہ باںڈی پورہ نے ایل او سی کے قریب گریز کے تلیل علاقے سے ایک چار سالہ بچی کو ایئر لفٹ کرتے ہوئے اس کی جان بچائی۔ دراصل طیبہ منظور نام کی یہ بچی اپنے مکان کی چھت سے گر کر شدید طور سے زخمی ہو گئی تھی۔ چونکہ گریز خصوصاً تلییل کا علاقہ ان دنوں تقریبا سات فٹ برف کی چادر میں لپٹا ہوا ہے۔
اتنی زیادہ برف کے باعٹ اندرونی راستوں پر نقل حمل کرنا بے حد مشکل ہے۔ جبکہ زمینی طور پر گریز کو دیگر دنیا سے ملانی والی بانڈی پورہ گریز روڈ پر پہلے سے ہی نقل و حمل بند ہے۔ ان حالات کے پیش نظر بچی کو گریز کسی طبی مرکز یا یہاں سے باہر لے جانا ممکن نہیں تھا۔ شدید درد سے پریشان بچی کے والدین نے ضلع انتظامیہ سے رابطہ کرکے مدد طلب کی۔
ضلع انتظامیہ حرکت میں آئی اور ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے متعلقہ افسران کو مدد پہنچانے کا فرمان جاری کیا۔ طیبہ کو ایئر لفٹ کرکے اسے ضلع اسپتال باںڈی پورہ پہنچا کر اس سے ابتدائی علاج ومعالجہ کرکے مزید علاج ومعالجہ کے لئے سرینگر ریفر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بانڈی پورہ میں خصوصی فضائی سروس
بچی کے والدین اور مقامی افراد نے ضلع انتظامیہ خصوصاً ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی کے باعٹ ہی ان کی بچی کا علاج و معالجہ ممکن ہو پایا۔ واضح رہے کہ گریز کا بیشتر علاقہ خصوصاً ایل او سی کے متصل تلیل بھاری برف کے باعث تقریبا پانچ مہینے تک باقی دنیا سے کٹ کر رہ جاتا ہے۔ تلییل ضلع ہیڈ کوارٹر بانڈی پورہ سے تقریبا ایک سو تیس کلومیٹر دور ہے۔ تاہم حال ہی میں اس علاقے کو موبائیل اور ایئر سروس بہم پہنچائی گئی ہے۔ جس کی بدولت یہ سب کچھ ممکن ہوپایا ہے.