بانڈی پورہ: ٹنگھاٹ کا بیشتر علاقہ ابھی سڑک رابطے کی سہولیات سے محروم ہے۔ یہاں کے لوگ آج بھی مریضوں کو کاندھوں پر اٹھا کر لے جانے پر مجبور ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور انتظامیہ سے دلبرداشتہ ہو کر یہاں کے نوجوانوں اور بزرگوں نے خود ہی سڑک نکالنے کی مہم شروع کی۔ وہ اس مہم میں کامیابی کے قریب تو پہنچ چکے ہیں، لیکن چند رکاوٹیں ان کے سامنے درپیش ہیں۔ Construction of Road in Bandipora
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈران کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے کئی افسران نے یہاں تک سڑک پہنچانے کا وعدہ تو کیا لیکن آج تک کبھی پورا نہیں کیا۔ بالآخر ہم نے خود ہی سڑک بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس کے لئے ہم نے خوشی خوشی اپنی زمینیں وقف کیں جب کہ کئی افراد نے اپنے بھیڑ بکریاں اور گائے بیچ کر زمین کی کٹائی اور کھدائی میں استعمال ہونے والی مشین کے لئے فنڈز اکھٹے کیے۔
وہیں، سڑک تعمیر کرنے کے کام میں پورا گاؤں مصروف ہے۔ پہاڑی زمین اور بڑے بڑے پتھروں کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ بچے، نوجوان اور بزرگ سب کام میں مصروف ہیں۔ وہ اس کام کو انجام دینے کے قریب تو پہنچ چکے ہیں لیکن سڑک کے آخری دو دہانوں پر مشکلات حائل ہورہی ہیں۔ اوپری دہانے سے ایک نجی منی پاور پروجکٹ کی نہر گزر رہی ہے۔ جس کا مالک اس نہر کے اوپر سے کلورٹ بنانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔ جب کہ نچلے دہانے سے اسی پاور پراجیکٹ کی پائپ لائن گزرتی ہے۔ یہاں بھی یہی پریشانی سامنے آرہی ہے۔ Construction of Road in Bandipora