بانڈی پورہ:محکمہ سوشل فارسٹری کی جانب سے جموں و کشمیر کے طول و ارض خصوصاً وادی کشمیر اور خطہ چناب میں شجر کاری مہم کا سلسلہ سردیاں ختم ہونے کے ساتھ ہی پھر سے شروع کر دیا گیا ہے۔ منگل کو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں محکمہ جنگلات کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول لہروال پورہ میں کئی پودے لگائے گئے، جس میں محکمہ کے عملہ، مقامی پی آر آئی ممبران سمیت تعلیمی ادارہ کے طلبہ و طالبات اور عملہ نے بھی شرکت کی۔
شجر کاری مہم میں شریک مقامی ڈی ڈی سی چیئرپرسن، کوثر شفیق نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری مہم کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت و افادیت کے حوالہ سے سبھی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم میں شرکت کے ساتھ ساتھ جنگلات کا تحفظ بھی ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے مقامی باشندوں خاص کر طلبہ سے اس طرح کی مہم میں مستقبل میں بھی شرکت کرنے کی اپیل کی۔