مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں واقع گیارہ ہزار پانچ سو فٹ اونچے رازدان ٹاپ کو آج باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔ موسم سرما کے دوران بھاری برف باری کے باعث رازدان ٹاپ قریبا پانچ مہینے تک ہر سال بند رہتا ہے۔ اس دوران ایمرجنسی سروسز اور دیگر ضروری اشیاء ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے ہی بہم پہنچائی جاتی ہے۔
رازدان ٹاپ کھولے جانے سے اب 80 کلو میٹر لمبے گریز بانڈی پورہ روڈ پر دونوں اطراف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔ بیشتر وقت یہ روڈ رازدان ٹاپ پر بھاری برف باری کی وجہ سے بند رہتا ہے۔ یہاں موسم سرما کے دوران دس فٹ سے زیادہ برف جمع ہوجاتی ہے۔
اس موقع پر ڈی ڈی سی بانڈی پورہ نے عوام خصوصاً گریز کے باشندوں کے ساتھ ساتھ بی آر او کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی آر او نے اس سال کافی برف باری کے باوجود ریکارڈ مدت میں بے حد محنت کے باعث اس روڈ کو کھولا۔